An elder leads a weary petitioner from ruined darkness toward sunrise, water, and a level road

زبُور 143

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
زبور 143 عدالت کی بجائے رحمت مانگتی ہے جب دشمن بولنے والے کو تاریکی میں دھکیلتے ہیں۔ یاد کیے گئے کام بھروسا جگاتے، صبح کی محبت رہنمائی لاتی، اور تازہ روح وفادار فرمانبرداری کا ہموار راستہ سیکھتی ہے۔
رحمترہنمائیصبحتجدید
1اَے یَاہوِہ، میری دعا سُن لیں، میری رحم کی فریاد پر کان لگائیں؛ اَپنی وفاداری اَور راستی کے مُطابق میری نَجات کے لیٔے آئیں۔
2اَپنے خادِم کو عدالت میں نہ لائیں، کیونکہ زندوں میں سے کویٔی آپ کی نگاہ میں راستباز نہیں۔
3دُشمن میرا تعاقب کر رہاہے، اُس نے میری جان کو کُچل کر خاک میں مِلا دیا ہے؛ اُس نے مُجھے تاریکی میں اَیسے لوگوں کی مانند رکھ چھوڑا ہے جو عرصہ ہُوا مَر چُکے ہیں۔
4اِس سبب سے میری رُوح میرے اَندر نڈھال ہو چُکی ہے؛ اَور میرا دِل بےچین ہے۔
5مُجھے پُرانے دِن یاد آتے ہیں؛ مَیں آپ کے سَب کاموں کو دھیان میں لاتا ہُوں اَور آپ کی دستکاری پر غور کرتا ہُوں۔
6میں اَپنے ہاتھ آپ کی طرف پھیلاتا ہُوں؛ میری جان خشک زمین کی طرح آپ کی پیاسی ہے۔
7اَے یَاہوِہ، مُجھے جلد جَواب دیں؛ میری رُوح نڈھال ہو چُکی ہے۔ اَپنا چہرہ مُجھ سے نہ چھُپائیں اَیسا نہ ہو کہ مَیں اُن کی مانند ہو جاؤں جو پاتال میں اُتر جاتے ہیں۔
8صُبح، میرے لیٔے آپ کی لافانی مَحَبّت کی خبر لے کر آئے، کیونکہ میرا توکّل آپ پر ہے۔ مُجھے وہ راہ بتائیں جِس پر میں چلُوں، کیونکہ میری جان کی اُمّید آپ ہی سے وابستہ ہے۔
9اَے یَاہوِہ، مُجھے میرے دُشمنوں سے چھُڑائیں، کیونکہ میرے چھُپنے کی جگہ آپ ہی ہیں۔
10مُجھے سکھائیں کہ آپ کی مرضی پُوری کر سکوں، کیونکہ آپ میرے خُدا ہیں؛ آپ کی نیک رُوح، ہموار زمین پر میری رہنمائی کرے۔
11اَے یَاہوِہ، اَپنے نام کی خاطِر، میری جان کی حِفاظت کریں؛ اَپنی راستبازی کے مُطابق میری جان کو مُصیبت سے رِہائی بخشیں۔
12اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق میرے دُشمنوں کو نابود کر دیں؛ میرے تمام مُخالفوں کو تباہ کر دیں، کیونکہ مَیں آپ کا خادِم ہُوں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.