
زبُور 144
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
زبور 144 انسانی کمزوری کو حفاظت، تربیت یافتہ ہمت، اور عوامی بہبود کے ساتھ تھامتی ہے۔ نجات محض فتح کے لیے نہیں بلکہ پھلتے بچوں، بھرے گودام، صحت مند ریوڑوں، محفوظ گلیوں، اور اجتماعی خوشی کے لیے مانگی جاتی ہے۔
ہمتحفاظتخوشحالیامن
1یَاہوِہ میری چٹّان مُبارک ہو، جو میرے ہاتھوں کو جنگ کرنے، اَور میری اُنگلیوں کو لڑنے کے قابل بناتے ہیں۔
2وہ میرے شفیق خُدا اَور میرا قلعہ ہیں، میرے محکم بُرج اَور میرے چھُڑانے والے، میری سِپر اَور میری جائے پناہ ہیں، اَورجو میری اُمّت کو میرے تابع کرتے ہیں۔
3اَے یَاہوِہ، اِنسان کیا ہے کہ آپ اُس کے لیٔے فِکرمند ہوں، اَور آدمؔ زاد کیا ہے کہ آپ اُس کا خیال کریں؟
4اِنسان سانس کی طرح ہے؛ اُس کے ایّام ڈھلتے ہُوئے سایہ کی مانند ہیں۔
5اَے یَاہوِہ، اَپنے آسمان کو جھُکا کر نیچے اُتر آئیں؛ پہاڑوں کو چھُوئیں تو اُن میں سے دُھواں نکلے گا۔
6بجلی گرائیں اَور دُشمنوں کو پراگندہ کر دیں؛ اَپنے تیر چلائیں اَور اُنہیں شِکست دیں۔
7اُوپر سے اَپنا ہاتھ بڑھائیں؛ اَور زورآور سیلابوں سے مُجھے بچائیں اَور پردیسیوں کے ہاتھ سے مُجھے رِہائی دیں،
8جِن کے مُنہ میں جھُوٹ بھرا ہے، اَور جِن کے داہنے ہاتھ دغاباز ہیں، چھُڑا لیں۔
9اَے خُدا، مَیں آپ کے لیٔے ایک نیا نغمہ گاؤں گا؛ دس تار والے بربط پر مَیں آپ کے لیٔے نغمہ سرائی کروں گا۔
10اُن کے لیٔے جو بادشاہوں کو فتح عنایت کرتے ہیں، اَور اَپنے خادِم داویؔد کو بچاتے ہیں۔ مہلک تلوار سے۔
11چھُڑا لیں؛ مُجھے پردیسیوں کے ہاتھ سے۔ جِن کے مُنہ میں جھُوٹ بھرا ہے، اَور جِن کا داہنا ہاتھ دغاباز ہے۔
12تَب ہمارے بیٹے اَپنی جَوانی میں بڑھتے ہُوئے پَودوں کی مانند ہوں گے، اَور ہماری بیٹیاں اُن سُتونوں کی مانند ہوں گی جو کسی محل کی شان بڑھانے کے لیٔے تراشے گیٔے ہوں۔
13ہمارے کھتّے، ہر قِسم کی جنس سے بھرے ہوں گے۔ ہماری بھیڑیں ہزاروں کی تعداد میں بڑھیں گی، بَلکہ ہمارے کھیتوں میں وہ کیٔی گُنا زِیادہ ہو جایٔیں گی؛
14ہمارے بَیل خُوب لدے ہوں گے، دیواریں شگافوں سے محفوظ رہیں گی، نہ لوگوں کو اسیر ہوکر جانا پڑےگا، نہ ہی ہمارے گلی کوچوں میں چیخنے چِلّانے کی آواز سُنایٔی دے گی۔
15مُبارک ہے وہ قوم جِس پر یہ حال صادق آتا ہے؛ مُبارک ہے وہ اُمّت جِن کے خُدا، یَاہوِہ ہیں۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.