Priests carry the veiled ark toward Jerusalem as a king is crowned and families receive bread

زبُور 132

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
زبور 132 داؤد کی عقیدت، صندوق کی آرام گاہ، اور صیون، کہانت، رزق، اور دیرپا بادشاہت کو جوڑنے والے وعدے یاد کرتی ہے۔ عبادت بھرا جلوس یقین بن جاتا ہے کہ چنی گئی رہائش گاہ غریب اور وفادار لوگوں کو برکت دے گی۔
صندوقصیونبادشاہتعہد
1اَے یَاہوِہ، داویؔد کو اَور اُن تمام مُصیبتوں کو جو اُنہُوں نے اُٹھائی ہیں، یاد فرمائیں۔
2اُنہُوں نے یَاہوِہ سے قَسم کھائی اَور یعقوب کے قادر سے مَنّت مانی ہے:
3”میں اَپنے گھر میں داخل نہ ہوں گا اَور نہ اَپنے پلنگ پر جاؤں گا۔
4نہ میں اَپنی آنکھوں میں نیند آنے دُوں گا، اَور نہ اَپنی پلکوں کو جھپکنے دُوں گا،
5جَب تک کہ میں یَاہوِہ کے لیٔے کویٔی مقام، اَور یعقوب کے قادر خُدا کے لیٔے کویٔی مَسکن نہ ڈھونڈ لُوں۔“
6ہم نے اِفراتہؔ میں اُس کی خبر سُنی، اَور یعؔار کے کھیتوں میں اُسے پا لیا:
7”چلو ہم اُن کی قِیام گاہ میں چلیں؛ اَور ہم اُن کے پاؤں کی چوکی کے آگے سَجدہ کریں۔
8’اَے یَاہوِہ خُدا، اُٹھیں، آپ اَپنی قُدرت کے صندُوق سمیت، اَپنی آرامگاہ میں داخل ہوں۔
9آپ کے کاہِنؔ راستی سے مُلبّس ہوں؛ اَور آپ کے مُقدّسین خُوشی کے نعرے ماریں۔‘ “
10اَپنے خادِم داویؔد کی خاطِر، اَپنے ممسوح کو ردّ نہ کریں۔
11یَاہوِہ نے داویؔد سے قَسم کھا کر وعدہ کیا ہے، ایک سچّا وعدہ جسے وہ ہرگز نہ توڑیں گے: ”اُن کی نَسل میں سے ایک شخص اُن کے تخت پر بیٹھے گا۔
12اگر تمہارے فرزند میرے عہد اَور میری شہادتوں پرجو میں اُنہیں سِکھاؤں گا عَمل کریں، تو اُن کے فرزند بھی ہمیشہ آپ کے تخت پر بیٹھیں گے۔“
13کیونکہ یَاہوِہ نے صِیّونؔ کو چُن لیا ہے، یَاہوِہ نے اُسے اَپنے مَسکن کے لیٔے پسند فرمایاہے:
14”یہ ہمیشہ کے لیٔے میری آرامگاہ ہے؛ اَور یہاں میں تخت نشین رہُوں گا کیونکہ یہی میری خواہش ہے۔
15میں اُس کے رزق میں بڑی برکت دُوں گا؛ اَور اُس کے مسکینوں کو روٹی سے سیر کروں گا۔
16میں اُس کے کاہِنوں کو نَجات سے مُلبّس کروں گا، اَور اُس کے مُقدّس ہمیشہ خُوشی سے گاتے رہیں گے۔
17”یہاں میں داویؔد کے لیٔے ایک سینگ پیدا کروں گا اَور اَپنے ممسوح کے لیٔے ایک چراغ رَوشن کروں گا۔
18میں اُس کے دُشمنوں کو شرم کا لباس پہناؤں گا، لیکن اُس کے سَر کا تاج جگمگاتا رہے گا۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.