A family rests safely in a rocky shelter as an eagle circles above distant lightning, lion, and serpent

زبُور 91

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
زبور 91 قریبی سائبان، بھروسہ مند پناہ، اور دہشت، بیماری، تنازع، اور خطرناک راستوں کے درمیان ہمت بیان کرتی ہے۔ بھروسا خطرے کا انکار نہیں کرتا؛ یہ وعدہ کی گئی موجودگی، نجات، حفاظت، اور سنی گئی دعا میں آرام کرتا ہے۔
پناہحفاظتبھروساہمت
1جو خُداتعالیٰ کی پناہ گاہ میں رہتاہے، وہ قادرمُطلق کے سایہ میں سکونت کرےگا۔
2میں یَاہوِہ کے متعلّق کہُوں گا: ”وہ میری پناہ گاہ اَور میرا قلعہ ہیں، وہ میرے خُدا ہیں جِن پر میں بھروسا رکھتا ہُوں۔“
3یقیناً وہ تُمہیں صیّاد کے دام سے اَور مہلک وَبا سے بچائیں گے۔
4وہ تُمہیں اَپنے پروں سے ڈھانک لیں گے، اَور تُم اُن کے بازوؤں کے نیچے پناہ پاؤگے؛ اُن کی سچّائی تمہاری سِپر اَور قلعہ ہوگی۔
5تُم نہ رات کی ہیبت سے ڈروگے، اَور نہ دِن کو چلنے والے تیر سے،
6نہ اُس وَبا سے جو تاریکی میں پھیلتی ہے، اَور نہ اُس ہلاکت سے جو دوپہر کو ویران کرتی ہے۔
7تمہارے آس پاس ایک ہزار گِر جایٔیں گے، اَور تمہارے داہنے ہاتھ کی طرف دس ہزار، لیکن وہ تمہارے نزدیک نہ آئے گی۔
8تُم محض اَپنی آنکھوں سے اُنہیں دیکھوگے اَور بدکار لوگوں کا اَنجام تمہارے سامنے ہوگا۔
9اگر تُم، ”خُداتعالیٰ کو اَپنا مَسکن بنالو، یعنی یَاہوِہ کو، جو میری بھی پناہ گاہ ہیں۔“
10تُمہیں نہ تو کویٔی اِیذا پہُنچے گی، اَور نہ ہی کویٔی آفت تمہارے خیمہ کے نزدیک آئے گی۔
11کیونکہ وہ اَپنے فرشتوں کو تمہارے متعلّق حُکم دیں گے کہ وہ آپ کی سَب راہوں میں آپ کی خُوب حِفاظت کریں؛
12وہ فرشتے آپ کو اَپنے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے، تاکہ آپ کے پاؤں کو کسی پتّھر سے ٹھیس نہ لگنے پایٔے۔
13تُم شیرببر اَور ناگ کو روندوگے؛ اَور جَوان شیر اَور اَژدہے کو پامال کروگے۔
14یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اُسے مُجھ سے مَحَبّت ہے،“ اِس لیٔے، ”مَیں اُسے چُھڑاؤں گا؛ میں اُس کی حِفاظت کروں گا کیونکہ اُس نے میرا نام پہچانا ہے۔
15وہ مُجھے پُکارے گا، اَور مَیں اُسے جَواب دُوں گا؛ میں مُصیبت میں اُس کے ساتھ رہُوں گا، میں اُسے چُھڑاؤں گا اَور عزّت بخشوں گا۔
16میں اُسے عمر کی درازی سے آسُودہ کروں گا اَور اَپنی نَجات اُسے دِکھاؤں گا۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.