An exile and thirsty deer stand by turbulent water looking toward distant Jerusalem worship

زبُور 42

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
زبور 42 روحانی آرزو کا موازنہ خشک ملک میں ہرن کی پیاس سے کرتی ہے۔ آنسو، طعنے، یاد آئے تہوار، گرجتے آبشار، اور اندرونی بےچینی کو روح کی امید اور دوبارہ حمد کی پکار بار بار جواب دیتی ہے۔
آرزوجلاوطنینوحہامید
1جِس طرح ہِرنی پانی کے نالوں کو ترستی ہے، وَیسے ہی اَے میرے خُدا، میری جان آپ کے لیٔے ترستی ہے۔
2میری جان خُدا کی بَلکہ زندہ خُدا کی پیاسی ہے۔ میں کب جا کر خُدا کی خدمت مَیں حاضِر ہو سکوں گا؟
3دِن اَور رات میرے آنسُو میری خُوراک ہیں، جَب کہ میرے دشمن دِن بھر مُجھ سے پُوچھتے ہیں، آپ کا خُدا کہاں ہے؟
4اِن باتوں کو یاد کرکے میرا دِل بھر آتا ہے: کہ مَیں کس طرح لوگوں کے ساتھ جایا کرتا تھا، اَور اُس جَشن منانے والے ہُجوم کے ساتھ، خُوشی سے للکارتا ہُوا اَور سِتائش کرتا ہُوا ”خُدائے قادر کے گھر تک اُن کی قیادت کیا کرتا تھا۔“
5اَے میری جان، تُو کیوں اُداس ہے؟ اَور میرے اَندر اِس قدر بےچینی کیوں ہے؟ خُدا سے اُمّید رکھو، کیونکہ مَیں پھر اَپنے مُنجّی اَور اَپنے خُدا کی، سِتائش کروں گا۔
6اَے میرے خُدا! میری جان مُجھ میں اُداس ہے؛ اِس لیٔے میں یردنؔ کی سرزمین سے اَور حرمُونؔ کی بُلندیوں، یعنی کوہِ مِصفاؔر پر سے خُدا آپ کو یاد کروں گا۔
7آپ کی آبشاروں کی گرج سُن کر گہراؤ گہراؤ کو پُکارتا ہے؛ آپ کی سَب لہریں اَور موجیں میرے اُوپر سے تیزی سے گزر گئیں۔
8دِن کو یَاہوِہ اَپنی شفقت و مَحَبّت ظاہر کرتے ہیں، اَور رات کو اُن کا نغمہ میرے لبوں پر رہتاہے۔ جسے میں اَپنی حیات کے خُدا کے حُضُور دعا کے طور پر پیش کرتا ہُوں۔
9میں خُدا سے جو میری چٹّان ہے کہتا ہُوں، ”آپ نے مُجھے کیوں فراموش کر دیا؟ میں دُشمن کے ظُلم کے باعث، کیوں ماتم کرتا پھروں؟“
10میرے دُشمنوں کی طَعنہ زنی سے میری ہڈّیاں چُورچُور ہونے لگتی ہیں، جو دِن بھر مُجھ سے کہتے رہتے ہیں، ”آپ کا خُدا کہاں ہے؟“
11اَے میری جان، تُو کیوں اُداس ہے؟ اَور تُو میرے اَندر اِس قدر بےچین کیوں ہے؟ خُدا سے اُمّید رکھ، کیونکہ مَیں پھر اَپنے مُنجّی اَور اَپنے خُدا کی سِتائش کروں گا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.