
زبُور 115
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
زبور 115 انسانی برادریوں کے لیے جلال کو رد کرتی اور ہاتھ سے بنے بتوں کو متاثر کن لیکن بے جان بے نقاب کرتی ہے۔ اسرائیل، کاہنوں، اور خدا کا خوف ماننے والوں کو مدد، برکت، اور حفاظت کے زندہ سرچشمے پر بھروسا کرنے بلایا جاتا ہے۔
بت پرستیبھروسابرکتبرادری
1ہمیں نہیں، اَے یَاہوِہ، ہمیں نہیں، بَلکہ آپ اَپنے ہی نام کو اَپنی شفقت و مَحَبّت اَور سچّائی کے باعث جلال عطا فرمائیں۔
2قومیں کیوں کہتی ہیں، ”اُن کا خُدا کہاں ہے؟“
3ہمارے خُدا تو آسمان پر ہیں؛ وہ جو چاہتاہے وُہی کرتے ہیں۔
4لیکن اُن کے بُت تو چاندی اَور سونا ہیں، جو آدمی کی دستکاری ہیں۔
5اُن بُتوں کے مُنہ ہیں لیکن وہ بول نہیں سکتے، آنکھیں ہیں لیکن وہ دیکھ نہیں سکتے؛
6اُن کے کان ہیں لیکن وہ سُن نہیں سکتے، نتھنے ہیں لیکن وہ سونگھ نہیں سکتے؛
7اُن کے ہاتھ ہیں لیکن وہ چھُو نہیں سکتے، پاؤں ہیں لیکن وہ چل نہیں سکتے؛ نہ وہ اَپنے گلے سے آواز نکال سکتے ہیں۔
8جو اُنہیں بناتے ہیں وہ اُن ہی کی مانند ہو جایٔیں گے، اَور وہ سَب بھی جو اُن پر بھروسا رکھتے ہیں۔
9اَے اِسرائیل کے گھرانے! یَاہوِہ پر توکّل کرو۔ وُہی اُن کی مدد اَور سِپر ہیں۔
10اَے اَہرونؔ کے گھرانے! یَاہوِہ پر توکّل کرو۔ وُہی اُن کی مدد اَور سِپر ہیں۔
11یَاہوِہ سے ڈرنے والے یَاہوِہ پر توکّل کرتے ہیں۔ وُہی اُن کی مدد اَور سِپر ہیں۔
12یَاہوِہ ہمیں یاد رکھتے ہیں اَور ہمیں برکت دیں گے؛ وہ اِسرائیل کے گھرانے کو برکت دیں گے، وہ اَہرونؔ کے گھرانے کو برکت دیں گے،
13کیا چُھوٹے، کیا بڑے، جو یَاہوِہ کا خوف مانتے ہیں، وہ اُنہیں برکت دیں گے۔
14یَاہوِہ تُمہیں بڑھائے، تُمہیں اَور تمہاری اَولاد کو بھی۔
15تُم یَاہوِہ کی طرف سے برکت پاؤ، جو آسمان اَور زمین کے خالق ہیں۔
16سَب سے اُونچا آسمان یَاہوِہ کا ہے، لیکن زمین اُنہُوں نے بنی آدمؔ کو دی ہے۔
17مُردے یَاہوِہ کی سِتائش نہیں کرتے، اَور نہ وہ جو خاموشی کے عالَم میں اُتر جاتے ہیں؛
18بَلکہ ہم، اَب سے اَبد تک، یَاہوِہ کو مُبارک کہیں گے۔ یَاہوِہ کی سِتائش کرو۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.