Worshipers gather near the sanctuary as rain revives fields, streams, grain, and grazing flocks

زبُور 65

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
زبور 65 سنی گئی دعا اور معاف کیے گئے گناہ کو خالق کی زمین کے لیے فیاض دیکھ بھال سے جوڑتی ہے۔ بارش کھیتوں کو نرم کرتی، اناج وادیوں کو بھرتا، ریوڑ چراگاہوں کو ڈھانپتے، اور پورا منظر بھرپور رزق کے نیچے گاتا محسوس ہوتا ہے۔
معافیرزقتخلیقحمد
1اَے خُدا، صِیّونؔ میں تعریف آپ کی منتظر ہے؛ اَور آپ کے لیٔے ہماری مَنّتیں پُوری کی جایٔیں گی۔
2اَے دعا کے سُننے والے، سَب لوگ آپ کے پاس آئیں گے۔
3جَب ہمارے گُناہ ہم پر غالب آ گئے، تَب آپ نے ہماری خطائیں بخش دیں۔
4مُبارک ہیں وہ لوگ جنہیں آپ چُن کر اَپنے قریب لاتے ہیں، تاکہ وہ آپ کی بارگاہوں میں رہیں! ہم آپ کے گھر کی یعنی آپ کے مُقدّس ہیکل کی نِعمتوں سے سَیر ہو گئے۔
5آپ ہمیں صداقت کے مُہیب کرشموں سے جَواب دیتے ہیں، اَے ہمارے مُنجّی خُدا، زمین کے سَب کناروں اَور دُور دراز کے سمُندروں پر رہنے والے مُقدّسین کی اُمّید ہیں۔
6جِس نے اَپنے آپ کو قُوّت سے مُسلّح کرکے، اَپنی قُدرت سے پہاڑ بنائے،
7جِس نے سمُندر کے شور کو، اَور اُس کی موجوں کے شور کو، اَور قوموں کے ہنگامہ کو موقُوف کر دیا۔
8دُور دراز علاقوں میں رہنے والے آپ کے حیرت اَنگیز کام دیکھ کر ڈرتے ہیں؛ آپ سُورج کے طُلوع اَور غروب ہونے والے علاقوں کے لوگوں سے شادمانی کے نغمے گانے کی ترغیب دیتے ہیں۔
9آپ زمین کا خیال رکھتے ہیں اَور اُسے سیراب کرتے ہیں؛ آپ اُسے خُوب زرخیز بنا دیتے ہیں۔ خُدا کے دریا پانی سے بھرے ہُوئے ہیں تاکہ لوگوں کو اناج مہیا ہو، کیونکہ آپ نے اَیسا ہی حُکم جاری کیا ہے۔
10آپ اُس کی ریگھاریوں کو سیراب کرتے ہیں اَور اُس کی اُونچی نیچی سطحوں کو ہموار کر دیتے ہیں؛ آپ اُسے بارش سے نرم کرتے ہیں اَور اُس کی فصلوں کو برکت دیتے ہیں۔
11آپ سال کو اَپنی نِعمتوں کا تاج پہناتے ہیں، اَور تمہاری گاڑیاں فصل کی کثرت سے لدی رہتی ہیں۔
12بیابان کی چراگاہیں ہری بھری گھاس سے بھر جاتی ہیں؛ اَور پہاڑیاں خُوشی کے لباس سے آراستہ ہیں۔
13سبزہ زاروں میں بھیڑ بکریوں کے غول پھیلے ہوتے ہیں؛ اَور وادیاں اناج سے ڈھکی ہوتی ہیں؛ وہ خُوشی کے مارے للکارتی اَور نغمہ گاتی ہیں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.