A kneeling psalmist prays by a stone wall as a shepherd leader and musicians gather nearby

زبُور 28

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
زبور 28 جواب نہ ملنے والی خاموشی سے ڈرتی اور فریب کار بدکاروں کی قسمت میں شریک نہ ہونے کی التجا کرتی ہے۔ جب طاقت، حفاظت، اور پوری قوم کے لیے چرواہے جیسی دیکھ بھال یقینی ہو جاتی ہے التجا شکرگزاری کی طرف مڑتی ہے۔
التجاطاقتحفاظتحمد
1اَے یَاہوِہ، مَیں آپ ہی کو پُکاروں گا؛ آپ ہی میری چٹّان ہیں، میری طرف سے کان بند نہ کریں، کیونکہ اگر آپ خاموش رہیں، تو میں اُن لوگوں کی مانند ہو جاؤں گا جو پاتال میں چلے جاتے ہیں۔
2جَب مَیں آپ کے پاک ترین مقام کی طرف جَیسے ہی اَپنے ہاتھ اُٹھاؤں، جَب مَیں آپ سے مدد کے لئے فریاد کروں، تَب میری رحم کی اِلتجا کو سُن لیں۔
3مُجھے اُن بدکار لوگوں کے عذاب میں شامل نہ کریں، جو بدکاری کرتے رہتے ہیں، جو اَپنے ہمسایوں سے صُلح کی باتیں کرتے ہیں لیکن اَپنے دِلوں میں عداوت رکھتے ہیں۔
4اُن کے اعمال کے مُطابق اُنہیں بدلہ دیں، اَور اُنہُوں نے جو بُرائیاں کی ہیں؛ اُن کے ہاتھ کے کاموں کے مُطابق اُن کو سزا دیں، اَور اُنہیں وہ بدلہ دیں جِس کے وہ مُستحق ہیں۔
5چونکہ وہ یَاہوِہ کے کاموں کا اَور اُن کی دستکاری پر توجّہ نہیں کرتے، وہ اُنہیں پچھاڑ دیں گے اَور پھر کبھی بھی اُٹھنے نہ دیں گے۔
6یَاہوِہ کی سِتائش ہو، کیونکہ اُنہُوں نے میری فریاد سُن لی ہے۔
7یَاہوِہ میری قُوّت اَور میری سِپر ہیں؛ میرا دِل اُن پر توکّل کرتا ہے، اَور اُن ہی سے مُجھے مدد مِلی ہے۔ اِس لیٔے میرا دِل شادمان ہے اَور مَیں نغمہ سرائی کرکے اُن کی سِتائش کروں گا۔
8یَاہوِہ اَپنے لوگوں کی قُوّت ہیں، اَور اَپنے ممسوح کے لیٔے نَجات کا محکم قلعہ ہیں۔
9اَے یَاہوِہ اَپنے لوگوں کو بچائیں اَور اَپنی مِیراث کو برکت دیں؛ اُن کی پاسبانی کریں اَور ہمیشہ اُنہیں سنبھالے رہیں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.