Amos stands with sheep above a withering landscape as surrounding fortified cities darken beneath fire-lit storms and a lion-shaped cloud

عامُوسؔ 1

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
عاموس عزیاہ اور یربعام کی حکومتوں کے دوران اپنا پیغام متعارف کراتا ہے۔ خداوند صیون سے گرجتا، زمین کو مرجھا دیتا ہے۔ دمشق، غزہ، صور، ادوم، اور عمون کے خلاف عدالت کا اعلان کیا جاتا ہے ان کی بار بار کی ظلم، غداری، غلامی، اور پڑوسی لوگوں کے خلاف تشدد کی وجہ سے۔
قوموں کی عدالتتشددجوابدہیخداوند کی گرج
1عامُوسؔ نبی کا کلام جو تقوعؔ کے ایک چرواہے تھے۔ اُنہُوں نے زلزلہ سے دو سال پہلے بنی اِسرائیل کی بابت رُویا دیکھی، جَب شاہِ یہُودیؔہ عُزّیاہؔ اَور یرُبعامؔ بِن یہُوآشؔ مُلکِ اِسرائیل کا بادشاہ تھا۔
2عامُوسؔ نبی نے فرمایا، یَاہوِہ صِیّونؔ سے دہاڑتے ہیں اَور یروشلیمؔ سے گرجتے ہیں، چرواہوں کی چراگاہیں سُوکھ رہی ہیں، اَور کرمِلؔ کی چوٹی مُرجھا رہی ہے۔
3یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، دَمشق شہر کے تین نہیں بَلکہ چار گُناہوں کے باعث، مَیں اُسے بے سزا نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُس نے گِلعادؔ کو لوہے کے دھاردار آہنی اوزار سے روند ڈالا۔
4میں حزائیلؔ کے گھرانے پر آگ نازل کروں گا جو بِن ہددؔ کے شاہی محلوں کو جَلا کر راکھ کر دے گی۔
5میں دَمشق کے پھاٹکوں کو توڑ دُوں گا؛ اَور آوِنؔ کی وادی کے بادشاہ کو اَور اُس کو جو بیت عدنؔ پر حُکمرانی کرتا ہے ہلاک کر دُوں گا اَور ارامی لوگ جَلاوطن ہوکر قیرؔ کو جایٔیں گے۔ یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
6یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، غزّہؔ کے تین بَلکہ چار گُناہوں کے باعث، مَیں اُسے سزا دینے سے باز نہیں آؤں گا۔ کیونکہ اُس نے پُوری قوم کو اسیر کر لیا اَور اُنہیں اِدُوم کے ہاتھ بیچ دیا۔
7اِس لئے مَیں غزّہؔ کے شہرپناہ پر آگ بھیجوں گا جو اُس کے شاہی محلوں کو جَلا کر راکھ کر دے گی۔
8مَیں شاہِ اشدُودؔ کو اَور شاہِ اشقلونؔ کو ہلاک کر دُوں گا۔ مَیں عقرونؔ کے خِلاف اَپنا ہاتھ بڑھاؤں گا، جَب تک کہ آخِری فلسطینی ہلاک نہ ہو جائے، یہی یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔
9یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، مَیں صُورؔ کے تین بَلکہ اُس کے چار گُناہوں کے باعث، مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُس نے سَب کو اسیر کرکے اُنہیں اِدُوم کو بیچ دیا، اَور برادرانہ عہد کا لحاظ نہ کیا،
10اِس لیٔے مَیں صُورؔ کی شہرپناہ پر آگ نازل کروں گا جو اُس کے شاہی محلوں کو جَلا کر راکھ کر دے گی۔
11یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، اِدُوم کے تین بَلکہ چار گُناہوں کے باعث، مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُس نے بےرحم ہوکر، اَپنے بھائیوں کو تلوار لے کر رگیدا، اَور مُلک کی عورتوں کا قتل عام کیا اَور اُس کا قہر ہمیشہ بھڑکتا رہا، اَور اُس کا غضب کبھی ختم نہ ہُوا۔
12مَیں تیمانؔ پر آگ نازل کروں گا، جو بُضراؔہ کے شاہی محلوں کو جَلا کر راکھ کر دے گی۔
13یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، عمُّون کے تین بَلکہ چار گُناہوں کے باعث مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُس نے اَپنی سرحدوں کو بڑھانے کے لیٔے گِلعادؔ کی حاملہ عورتوں کے پیٹ چاک کئے،
14جَب جنگ کے وقت شوروغل ہو رہے ہوں گے، جَب زبردست طُوفان اَور قتل عام ہو رہے ہوں گے اُس وقت، مَیں ربّہؔ کی شہرپناہ پر آگ نازل کروں گا جو اُس کے شاہی محلوں کو جَلا کر راکھ کر دے گی۔
15یَاہوِہ فرماتے ہیں، عمُّون کا بادشاہ اَپنے حاکموں کے ساتھ، اسیری میں جائے گا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.