A young Timothy calming debate around blank scrolls while neighbors care for a child nearby

1 تِیمُتھِیُس 1

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
پولس تیمتھیس سے کہتا ہے افسس میں رہے اور قیاسی تعلیم کو روکے جو وفادار تحویل داری کی بجائے تنازع پیدا کرتی ہے۔ وہ اپنے بلاوے میں دکھائی گئی رحمت یاد کرتا اور تیمتھیس کو ایمان اور اچھا ضمیر تھامے رکھنے کا حکم دیتا ہے۔
صحیح تعلیممحبترحمتوفادار ضمیر
1پَولُسؔ کی جانِب سے، ہمارے مُنجّی خُدا اَور ہماری اُمّید المسیح یِسوعؔ کے حُکم کے مُوافق المسیح یِسوعؔ کے رسول ہیں،
2تِیمُتھِیُس کے نام خط جو ایمان کے لِحاظ سے میرا حقیقی بیٹا ہے۔ خُدا باپ اَور ہمارے المسیح یِسوعؔ کی طرف سے تُمہیں فضل، رحم اَور سلامتی حاصل ہوتی رہے۔
3مَیں نے صُوبہ مَکِدُنیہؔ جاتے وقت تُجھے نصیحت کی تھی کہ تُو اِفِسُسؔ شہر میں رہ کر جھُوٹی تعلیم دینے والے بعض شَخصُوں کو تاکید کر کہ وہ آئندہ اَیسا نہ کریں۔
4اَور اُن فرضی داستانوں اَور بے اِنتہا نَسب ناموں کا لِحاظ نہ کریں اِن سے ایمان پر مَبنی نَجات بخش الٰہی کام آگے نہیں بڑھتا لیکن محض جھگڑے پیدا ہوتے ہیں۔
5میرے اِس حُکم کا مقصد یہ ہے کہ سبھی مسیحی مُومِنین کے اَندر ایک دُوسرے کے لیٔے مَحَبّت پیدا ہو جو خُلوص دِل، نیک نیّت اَور حقیقی ایمان سے پیدا ہوتی ہے۔
6کچھ لوگ اِن سے کنارہ کرکے فُضول باتوں کی طرف مُتوجّہ ہو گیٔے ہیں۔
7وہ شَریعت کے مُعلّم بننا چاہتے ہیں، حالانکہ وہ جو باتیں کہتے ہیں اَور جِن کا یقینی طور سے دعویٰ کرتے ہیں اُنہیں سمجھتے بھی نہیں ہیں۔
8ہم جانتے ہیں کہ شَریعت اَچھّی ہے بشرطیکہ اُسے صحیح طور پر اِستعمال کیا جائے۔
9ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ شَریعت راستبازوں کے لیٔے نہیں بَلکہ بےشَرع لوگوں، سَرکشوں، بےدینوں، گُنہگاروں، ناپاک لوگوں، ناراستوں اَور ماں باپ کے قاتلوں اَور خُونیوں،
10اَور زناکاروں، لَونڈے بازوں، غُلام فروشوں، جھُوٹ بولنے والے، جھُوٹی قَسمیں کھانے والے اَور اَیسے تمام کام ہیں جو اُس صحیح تعلیم کے خِلاف میں ہیں،
11اَور یہ پُرجلال خُوشخبری میں پائی جاتی ہے، جسے خُدائے مُبارک نے میرے سُپرد کیا ہے۔
12میں اَپنے خُداوؔند المسیح یِسوعؔ کا شُکر اَدا کرتا ہُوں جِس نے مُجھے قُوّت عطا کی اَور وفادار سمجھ کر اَپنی خدمت کے لیٔے مُقرّر کیا۔
13حالانکہ میں پہلے کُفر بکنے والا، لوگوں کو اِیذا دینے والا اَور ایک ظالِم آدمی تھا، لیکن مُجھ پر رحم ہُوا کیونکہ مَیں نے نادانی اَور بےاِعتقادی کی حالت میں یہ سَب کچھ کیا تھا۔
14اَور ہمارے خُداوؔند کا فضل اُس ایمان اَور مَحَبّت کے ساتھ جو المسیح یِسوعؔ میں ہے، مُجھ پر بہت کثرت سے ہُوا۔
15یہ بات سچ اَور پُوری طرح قبُول کرنے کے لائق ہے کہ المسیح یِسوعؔ گُنہگاروں کو نَجات دینے دُنیا میں آئے، جِن میں سَب سے بڑا گُنہگار میں ہُوں۔
16لیکن مُجھ پر اِس لیٔے مہربانی ہویٔی کہ المسیح یِسوعؔ مُجھ جَیسے بڑے گُنہگار کے ساتھ تحمُّل سے پیش آئیں تاکہ میں اُن کے لیٔے نمونہ بَن سکوں جو المسیح پر ایمان لاکر اَبدی زندگی پائیں گے۔
17اَب اَزلی بادشاہ یعنی اُس غَیر فانی، نادیدہ، واحد خُدا کی عزّت اَور خُدا کی تمجید ہمیشہ تک ہوتی رہے۔ آمین!
18میرے بیٹے تِیمُتھِیُس! مَیں تُجھے یہ ہدایت اُن پیشن گوئیوں کے مُطابق دے رہا ہوں جو تیرے بارے میں پہلے سے کی گئی تھیں، تاکہ تُم اُن پیشن گوئیوں کو یاد رکھو اَور اَچھّی لڑائی لڑتے رہو۔
19اَور ایمان اَور نیک نیّتی پر قائِم رہو۔ جِس کو دُور کرنے کے سبب سے بعض لوگوں نے اَیسا ہی کیا اَور اُن کے ایمان کا جہاز غرق ہو گیا۔
20اُن ہی میں سے ہِمنِیُسؔ اَور سِکندرؔ بھی ہیں جنہیں مَیں نے شیطان کے حوالہ کر دیا تاکہ وہ کُفر بکنے سے باز رہنا سیکھیں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.