
گِنتی 12
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
گنتی کا بارہواں باب مریم اور ہارون کو موسیٰ کے خلاف بولتے اور اس کے منفرد کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے بیان کرتا ہے۔ خدا موسیٰ کی وفاداری کا دفاع کرتا ہے؛ مریم بیمار ہو جاتی ہے اور سات دن خیمے سے باہر رہتی ہے۔ موسیٰ اس کی شفا کے لیے دعا کرتا ہے، اور لوگ آگے بڑھنے سے پہلے انتظار کرتے ہیں۔
قیادتعاجزیشفاعتبحالی
1مِریمؔ اَور اَہرونؔ مَوشہ کی کُوشی بیوی کے سبب سے اُس کی بُرائی کرنے لگے کیونکہ اُس نے ایک کُوشی عورت سے بیاہ کر لیا تھا۔
2اُنہُوں نے کہا، ”کیا یَاہوِہ نے محض مَوشہ ہی سے باتیں کی ہیں؟ کیا اُنہُوں نے ہم سے بھی باتیں نہیں کیں؟“ اَور یَاہوِہ نے اُن کی یہ باتیں سُن لیں۔
3(مَوشہ نہایت حلیم شخص تھا بَلکہ وہ رُوئے زمین کے ہر شخص سے زِیادہ حلیم تھا۔)
4یَاہوِہ نے فوراً مَوشہ، اَہرونؔ اَور مِریمؔ سے کہا، ”تُم تینوں نکل کر خیمہ اِجتماع کے پاس حاضِر ہو جاؤ۔“ چنانچہ وہ تینوں باہر نکل آئے۔
5تَب یَاہوِہ بادل کے ایک سُتون میں ہوکر اُتر آئے اَور خیمہ کے دروازہ پر کھڑے ہوکر اَہرونؔ اَور مِریمؔ کو بُلایا۔ جَب وہ دونوں آگے بڑھے
6تَب یَاہوِہ نے فرمایا، ”میری باتیں سُنو: ”جَب تمہارے درمیان یَاہوِہ کا کویٔی نبی برپا ہوتاہے، تو میں اَپنے آپ کو، اُس پر رُویا میں ظاہر کرتا ہُوں، اَور خواب میں اُس سے باتیں کرتا ہُوں۔
7لیکن میرے خادِم مَوشہ کے حق میں اَیسا نہیں ہے؛ وہ میرے سارے خاندان میں قابلِ اِعتماد ہے۔
8اُس سے میں مُعمّوں میں نہیں بَلکہ کھُلے طور پر اَور رُوبرو باتیں کرتا ہُوں، اُسے یَاہوِہ کا دیدار بھی نصیب ہوتاہے۔ پھر تُمہیں میرے خادِم مَوشہ کی بُرائی کرتے ہویٔے خوف کیوں نہ آیا؟“
9اَور یَاہوِہ کا غضب اُن پر بھڑکا اَور وہ اُنہیں چھوڑکر چلےگئے۔
10جَب خیمہ کے اُوپر سے بادل اُٹھ گیا تو مِریمؔ وہاں کھڑی تھی اَور وہ کوڑھ سے برف کی مانند سفید ہو چُکی تھی۔ اَہرونؔ نے مُڑ کر اُس کی طرف دیکھا تو پتا چلا کہ اُسے کوڑھ کا مرض لاحق ہو گیا ہے۔
11اَور اَہرونؔ نے مَوشہ سے فرمایا، ”اَے میرے آقا براہِ کرم اِس گُناہ کو جو ہم سے نادانی میں سرزد ہُوا اُسے ہمارے خِلاف نہ ٹھہرائیں۔
12اَور مِریمؔ کو اُس مَرے ہویٔے بچّہ کی مانند نہ رہنے دیں جِس کا جِسم اَپنی ماں کے پیٹ سے نکلنے پر ہی ادھ گلا ہوتاہے۔“
13تَب مَوشہ نے یہ کہہ کر یَاہوِہ سے مِنّت کی، ”اَے خُدا! براہِ کرم آپ اُسے شفا دیں!“
14یَاہوِہ نے مَوشہ کو جَواب دیا، ”اگر اِس کے باپ نے اِس کے مُنہ پر صِرف تھُوکا ہی ہوتا تو کیا وہ سات دِن تک پشیمان نہ رہتی؟ لہٰذا سات دِن تک اُسے چھاؤنی کے باہر بند رہنے دیں۔ اُس کے بعد وہ اَندر لائی جا سکتی ہے۔“
15چنانچہ مِریمؔ سات دِن تک چھاؤنی کے باہر بند رہی اَور اُس کے اَندر آنے تک لوگوں نے کُوچ نہیں کیا۔
16اُس کے بعد وہ لوگ حَضِیروتؔ سے روانہ ہویٔے اَور پارانؔ کے بیابان میں جا کر خیمہ زن ہویٔے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.