Powerful landowners stretch measuring cords across fields as agents remove a mother and children while a shepherd gathers sheep through an open gate

میکاہؔ 2

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
طاقتور لوگ زمین ہتھیانے کی سازش کرتے اور فجر کے وقت اسے انجام دیتے، خاندانوں سے کھیت اور گھر چھینتے ہیں۔ عدالت ان کی میراث چھین لے گی، اگرچہ جھوٹے نبی ایسی تنبیہات رد کرتے اور سکون کا وعدہ کرتے ہیں۔ باب اس وعدے پر ختم ہوتا ہے کہ بکھرا بقیہ جمع اور آگے رہنمائی کیا جائے گا۔
زمین چوریظلمجھوٹے نبیبقیہ
1اُن پر افسوس جو بدی کا منصُوبہ باندھتے ہیں، اَور بِستر پر پڑے ہُوئے شرارت کا منصُوبہ بناتے ہیں! اَور صُبح ہوتے ہی اُس پر عَمل کرتے ہیں کیونکہ وہ عَمل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔
2وہ لالچ سے کھیتوں کو ضَبط کرلیتے ہیں، اَور گھروں کو چھین لیتے ہیں۔ وہ لوگوں کو اُن کے گھروں سے، اَور اَپنے ہم جنسوں کو اُن کی مِیراث سے محروم کر دیتے ہیں۔
3اِس لیٔے یَاہوِہ فرماتے ہیں: ”مَیں اُس قوم پر بربادی لانے کا اِرادہ کر رہا ہُوں، جِس سے تُم خُود کو بچا نہ سکوگے۔ اَور اَب غُرور سے چل نہ سکوگے، کیونکہ یہ مُصیبت کا وقت ہوگا۔
4اُس دِن لوگ تمہارا مذاق اُڑائیں گے؛ وہ اِس ماتم کے نغمہ سے تُم پر لَعن طَعن کریں گے: ’ہم بالکُل غارت ہو گئے؛ میرے لوگوں کی مِیراث تقسیم ہو گئی۔ اُس نے اُسے ہم سے جُدا کر دیا! وہ ہمارے کھیت باغیوں کو دیتاہے۔‘ “
5اِس لیٔے یَاہوِہ کی جماعت میں کویٔی باقی نہ رہے گا جو زمین کو قُرعہ ڈال کر بانٹے۔
6”نبُوّت نہ کرو،“ اُن کے نبی کہتے ہیں۔ ”اُن باتوں کے لیٔے نبُوّت نہ کرو؛ رُسوائی ہم پر نہیں آئے گی۔“
7کیا یہ کہا جائے کہ یعقوب کے گھرانے: ”کیا یَاہوِہ کی رُوح ناراض ہو گئی ہے؟ کیا وہ اَیسے ہی کام کرتے ہیں؟“ ”کیا میری باتیں راست رَو کے لیٔے مفید نہیں؟
8تھوڑی دیر پہلے میرے لوگ دُشمن کی طرح اُٹھے ہیں۔ تُم جنگ سے لَوٹنے والے بےپروا راہ گیروں کے نفیس لباس اُتار لیتے ہو،
9تُم میرے لوگوں کی عورتوں کو اُن کے خُوشنما گھروں میں سے نکال دیتے ہو۔ تُم اُن کے بچّوں سے ہمیشہ کے لیٔے میری برکتیں چھین لیتے ہو۔
10اُٹھو، چل دو! کیونکہ یہ تمہاری آرامگاہ نہیں ہے، یہ ناپاک ہو چُکی ہے، اُس کی بربادی کا کویٔی علاج نہیں۔
11اگر کویٔی جھُوٹا یا دغاباز آکر کہے، ’میں تمہارے لیٔے کثرت سے شراب اَور مَے کی پیشن گوئی کروں گا،‘ تو وہ ہی اُن لوگوں کا نبی ہوگا۔
12”اَے یعقوب، میں تُم سَب کو جمع کروں گا؛ میں اِسرائیل کے بقیّہ کو یقیناً جمع کروں گا۔ میں اُنہیں بھیڑ خانہ کی بھیڑوں کی طرح جمع کروں گا، چراگاہ کے گلّے کی مانند جمع کروں گا؛ جگہ لوگوں سے بھر جائے گی۔
13کویٔی راستہ کھولنے والا اُن کے آگے آگے جائے گا؛ وہ پھاٹک توڑ کر باہر نکل جایٔیں گے۔ اُن کا بادشاہ یعنی یَاہوِہ، اُن کے آگے آگے جائے گا۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.