Job bowing before storm light as a massive Behemoth grazes among reeds

ایُّوب 40

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
خدا اس کو چیلنج کرتا ہے جو اسے درست کرنا چاہتا ہے کہ جواب دے، اور ایوب اپنا ہاتھ اپنے منہ پر رکھ کر کہتا ہے وہ مزید نہیں بولے گا۔ خدا پھر پوچھتا ہے کیا ایوب اپنے آپ کو راست ٹھہرانے کے لیے خدائی انصاف کو بدنام کرے گا، اور اسے بہیموت کی طرف اشارہ کرتا ہے، ایک بے پناہ طاقت کی مخلوق جو خدا نے اس کے ساتھ بنائی۔
عاجزیانصافبہیموتخدائی طاقت
1تَب یَاہوِہ نے ایُّوب سے فرمایا:
2”جو قادرمُطلق کی شکایت کرتا ہے، کیا اُس کی تادیب نہیں ہونا چاہئے؟ جو خُدا پر اِلزام لگاتاہے اُسے اُن باتوں کا جَواب بھی دینا ہوگا۔“
3تَب ایُّوب نے یَاہوِہ کو جَواب دیا:
4”میں ناچیز ہُوں۔ مَیں آپ کو کیسے جَواب دُوں؟ میں اَپنا ہاتھ اَپنے مُنہ پر رکھتا ہُوں۔
5میں ایک بار بول چُکا ہُوں لیکن مُجھے جَواب نہیں مِلا بَلکہ دو بار، پر اَب اَور نہ بولُوں گا۔“
6تَب یَاہوِہ نے ایُّوب کو بگولے میں سے جَواب دیا:
7”مَرد کی مانند اَپنی کمر باندھو؛ میں تُم سے سوال کروں گا، اَور تُم مُجھے جَواب دوگے۔
8”کیا، تُم میرے اِنصاف کو باطِل ٹھہراؤگے؟ خُود کو راست ٹھہرانے کے لیٔے کیا تُم مُجھے مُلزم قرار دوگے؟
9کیا تمہارا بازو خُدا کا سا ہے اَور کیا، تُم اُن کی آواز کی طرح گرج سکتے ہو؟
10خُود کو جلال اَور شوکت سے آراستہ کرو، اَور حشمت اَور جلال سے ملبوس ہو جاؤ۔
11اَپنے قہر کا سیلاب بہا دو، ہر مغروُر اِنسان کو دیکھو اَور اُسے نیچا دِکھاؤ۔
12ہر مغروُر اِنسان پر نظر ڈالو اَور اُسے فروتن کرو، بدکار جہاں کھڑے ہُوں وہیں اُنہیں پامال کر دو۔
13اُن سَب کو ایک ساتھ مٹّی میں دفن کر دو؛ اُن کے چہروں کو قبر میں کفن سے ڈھانک دو۔
14تَب میں خُود قائل ہو جاؤں گا، کہ تمہارا اَپنا داہنا ہاتھ تُمہیں بچا سَکتا ہے۔
15”دریائی گھوڑے کو دیکھو جسے مَیں نے تمہارے ساتھ ساتھ بنایا، جو بَیل کی طرح گھاس کھاتا ہے۔
16اُس کا زور اُس کی کمر میں ہے، اَور اُس کے پیٹ کے پٹھّے کس قدر مضبُوط ہیں!
17اُس کی دُم دیودار کی طرح ہلتی ہے اُس کی رانوں کی نسیں باہم مربوط ہیں؛
18اُس کی ہڈّیاں کانسے کی نلیوں کی طرح، اَور اُس کے اَعضا لوہے کی سلاخوں کی مانند ہیں۔
19وہ خُدا کی تخلیق کا شاہکار ہے، پھر بھی اُس کا خالق تلوار لے کر ہی اُس کے پاس آسکتا ہے۔
20پہاڑیاں اُس کے لیٔے چارا لاتی ہیں، جہاں تمام جنگلی جانور آس پاس کھیلتے کودتے ہیں۔
21کنول کے پَودوں کے نیچے وہ لیٹتا ہے، اَور دلدل کے سَرکنڈوں کی آڑ میں چھُپا رہتاہے۔
22کنول اَپنی چھاؤں میں اُسے چھُپا لیتے ہیں؛ دریا کے بید کے درخت اُسے گھیر لیتے ہیں۔
23اگر دریا میں باڑھ بھی ہو تو وہ نہیں گھبراتا؛ خواہ دریائے یردنؔ اُس کے مُنہ تک چڑھ آئے وہ محفوظ رہتاہے۔
24کیا کویٔی اُسے جَب وہ ہوشیار ہو تو پکڑ سَکتا ہے، یا پھندا لگا کر اُس کی ناک چھید کر نتھ پہنا سَکتا ہے؟

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.