
ہوشِیعؔ 8
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
الارم بجتا ہے کیونکہ اسرائیل نے عہد توڑا ہے جبکہ اب بھی خدا کو جاننے کا دعویٰ کرتا ہے۔ خود مقرر حکمران، سامریہ کا بچھڑا، غیر ملکی اتحاد، اور بڑھتی قربان گاہیں غلط جگہ کا بھروسا ظاہر کرتی ہیں۔ ہوا بو کر، قوم آندھی کاٹے گی اور غلامی میں واپس آئے گی۔
ٹوٹا عہدبت پرستیغلط بھروسانتائج
1نرسنگا اَپنے ہونٹوں سے لگا لو! چونکہ لوگوں نے میرا عہد توڑا اَور میری آئین کے خِلاف بغاوت کی اِس لیٔے ایک عُقاب یَاہوِہ کے گھر کے اُوپر ٹوٹ پڑا ہے۔
2اِسرائیل مُجھے پُکار کر کہتاہے، اَے ہمارے خُدا، ہم آپ کو قبُول کرتے ہیں!
3لیکن اِسرائیل نے بھلائی کو ٹھکرا دیا؛ اِس لیٔے ایک دُشمن اُس کا تعاقب کرےگا۔
4وہ میری رضامندی کے بغیر بادشاہوں کو مُقرّر کرتے ہیں؛ اَور میری تصدیق کے بغیر اُمرا کا انِتخاب کرتے ہیں۔ اَپنی چاندی اَور سونے سے خُود اَپنی تباہی کے لیٔے وہ اَپنے لیٔے بُت بناتے ہیں۔
5اَے سامریہؔ! اَپنے بچھڑے نُما بُت کو پھینک دے، میرا قہر اُن کے خِلاف بھڑک اُٹھتا ہے۔ وہ کب تک پاکیزگی سے عاجز رہیں گے؟
6وہ اِسرائیل میں بنائے گیٔے ہیں! یہ بچھڑا جسے ایک کاریگر نے بنایا؛ خُدا نہیں ہے۔ سامریہؔ کے اُس بچھڑے کے ٹکڑے ٹکڑے کئے جایٔیں گے۔
7وہ ہَوا بوتے ہیں اَور گِردباد کی فصل کاٹتے ہیں۔ نہ ڈنٹھل میں بالیں لگتی ہیں؛ نہ اُس میں سے اناج پیدا ہوگا۔ اَور اگر اُس میں سے اناج پیدا بھی ہو جائے، تو پردیسی اُسے چٹ کر جایٔیں گے۔
8اِسرائیل نگلا جا چُکاہے؛ اَب وہ قوموں کے درمیان ایک ناکارہ شَے کی مانند ہے۔
9ایک گورخر کی مانند اکیلے بھٹکتے ہُوئے وہ اشُور کو چلے گیٔے۔ اِفرائیمؔ اَپنے یاروں کے ہاتھ بِک چُکاہے۔
10خواہ اُنہُوں نے اَپنے آپ کو مُختلف قوموں کے درمیان بیچ دیا، لیکن مَیں اَب اُنہیں جمع کروں گا۔ وہ ایک زبردست بادشاہ کے ظُلم کا شِکار ہوکر ناتواں ہوتے جایٔیں گے۔
11حالانکہ اِفرائیمؔ نے گُناہ کی قُربانیوں کے لیٔے قُربان گاہیں تعمیر کیں، لیکن یہ اَب گُنہگاری کی قُربان گاہیں بَن گئی ہیں۔
12حالانکہ مَیں نے اُن کے لیٔے اَپنی آئین کی کیٔی چیزیں لِکھ دیں، لیکن اُنہُوں نے اُنہیں پرایا سمجھا۔
13وہ میرے حق میں قُربانیاں گزرانتے ہیں اَور وہ اُن کا گوشت کھاتے ہیں، لیکن یَاہوِہ اُن سے خُوش نہیں ہوتے۔ اَب وہ اُن کی شرارت یاد کریں گے اَور اُن کے گُناہوں کی سزا دیں گے: اَور وہ مِصر لَوٹ جایٔیں گے۔
14اِسرائیل اَپنے خالق کو فراموش کر چُکاہے اَور اُس نے محل تعمیر کئے؛ بنی یہُوداہؔ نے کیٔی شہروں کو مُستحکم کر لیا۔ لیکن مَیں اُن کے شہروں پر آگ نازل کروں گا جو اُن کے قلعوں کو بھسم کر دے گی۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.