
ہوشِیعؔ 11
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
خدا اسرائیل کو بچے کی طرح محبت کرنا یاد کرتا ہے، قوم کو مصر سے بلاتا، اسے چلنا سکھاتا، اور مہربانی سے کھینچتا ہے۔ اگرچہ لوگ بتوں کی طرف مڑتے اور فتح کا سامنا کرتے ہیں، خدائی رحمت مکمل تباہی سے پیچھے ہٹتی اور وعدہ کرتی ہے کانپتے بچے گھر واپس آئیں گے۔
والدینہ محبتبغاوترحمتواپسی
1جَب اِسرائیل بچّہ ہی تھا کہ مَیں نے اُس سے مَحَبّت کی، اَور اَپنے بیٹے کو مِصر سے بُلایا۔
2لیکن جِتنا زِیادہ میں اِسرائیل کو بُلاتا گیا، وہ مُجھ سے اَور دُور جاتے رہے۔ اُنہُوں نے بَعل معبُودوں کے لیٔے قُربانیاں پیش کیں اَور بُتوں کے سامنے بخُور جَلایا۔
3مَیں نے اِفرائیمؔ کو چلنا سِکھایا، اَور اُنہیں گود میں اُٹھایا؛ لیکن اُنہُوں نے یہ نہ جانا کہ مَیں نے ہی اُنہیں شفا بخشی۔
4مَیں اُنہیں اِنسانی شفقت کی رسّیوں، اَور مَحَبّت کے رشتہ میں جکڑ کر لے گیا؛ مَیں نے اُن کی گردن پر سے جُوا ہٹایا اَور جھُک کر اُنہیں کھانا کھِلایا۔
5اَب جَب کہ وہ تَوبہ کرنے سے اِنکار کرتے ہیں تو کیا وہ مِصر نہ لَوٹیں گے اَور کیا شاہِ اشُور اُن پر حُکومت نہ کرےگا؟
6اُن کے شہروں میں تلواریں چلیں گی، اُن کے پھاٹکوں کے اڑبنگوں کو تباہ کر دیا جائے گا اَور اُن کے منصُوبوں کو خاک میں مِلا دیا جائے گا۔
7میرے لوگ مُجھ سے برگشتہ ہونے پر آمادہ ہیں۔ خواہ وہ خُداتعالیٰ کو پُکاریں، تو بھی وہ اُن کو ہرگز اِعزاز نہ بخشیں گے۔
8اَے اِفرائیمؔ! مَیں تُجھ سے کیسے دست بردار ہو جاؤں؟ اَور اَے اِسرائیل مَیں تُجھے کیسے ترک کروں؟ مَیں تیرے ساتھ اَدمہؔ کی مانند کیسے سلُوک کروں؟ اَور تُجھے ضبوئیمؔ کی مانند کیسے بناؤں؟ میرے دِل میں تغیُّر آ چُکاہے؛ اَور میری تمام شفقت اُمنڈ آئی ہے۔
9مَیں اَپنے قہر شدید کو بھڑکنے نہ دُوں گا، نہ مَیں پلٹ کر اِفرائیمؔ کو تباہ کروں گا۔ کیونکہ مَیں خُدا ہُوں، اِنسان نہیں۔ تمہارے درمیان سکونت کرنے والا قُدُّوس ہُوں۔ مَیں قہر لے کر نہ آؤں گا۔
10وہ یَاہوِہ کی پیروی کریں گے؛ وہ شیرببر کی طرح گرجیں گے۔ اَور جَب وہ گرجیں گے، تَب اُن کے بچّے تھرتھراتے ہُوئے مغرب سے آئیں گے۔
11یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں۔ وہ مِصر کے پرندوں اَور اشُور کے کبُوتروں کی مانند، کانپتے ہُوئے آئیں گے۔ اَور مَیں اُنہیں اُن کے گھروں میں بساؤں گا،
12اِفرائیمؔ نے دغا سے، اَور اِسرائیل کے گھرانے نے مکّاری سے مُجھے گھیر رکھا ہے۔ اَور یہُوداہؔ خُدا کے خِلاف بے قابو ہے، یہاں تک کہ وفادار قُدُّوس کے خِلاف بے قابُو بنا رہتاہے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.