Ezekiel confronts leaders at Jerusalem's gate while exiled families plant young trees beneath returning light

حزقی ایل 11

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
حزقی ایل ان رہنماؤں کا سامنا کرتا ہے جن کا پرتشدد مشورہ یروشلیم کو گمراہ کرتا ہے اور بقیہ کے لیے دوبارہ التجا کرتا ہے۔ خدا بکھروں کو جمع کرنے، جلاوطنی میں ان کی مقدس گاہ بننے، بدعنوان طریقے ہٹانے، اور پتھریلے دلوں کو جوابی دلوں سے بدلنے کا وعدہ کرتا ہے اس سے پہلے کہ جلال مشرق کی طرف رخصت ہو۔
قیادتنیا دلجلاوطنیبحالی
1تَب رُوح مُجھے اُٹھاکر یَاہوِہ کے گھر کے اُس پھاٹک پر لے آئی جِس کا رُخ مشرق کی طرف ہے۔ وہاں پھاٹک کے دروازہ پر پچّیس مَرد تھے جِن میں مَیں نے یازنیاہؔ بِن عزُّورؔ اَور بِنایاہؔ کے بیٹے پیلاطیاہؔ کو دیکھا جو قوم کے اُمرا میں سے تھے۔
2یَاہوِہ نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدمؔ زاد، یہ وہ لوگ ہیں جو اِس شہر میں بُرائی کے منصُوبے بناتے ہیں اَور بدکرداری کی صلاح دیتے ہیں۔
3وہ کہتے ہیں، ’کیا حال ہی میں ہمارے گھر تعمیر نہیں کیٔے گئے ہیں؟ یہ شہر دیگ ہے اَور ہم گوشت ہیں۔‘
4اِس لیٔے اُن کے خِلاف نبُوّت کر، اَے آدمؔ زاد، نبُوّت کر۔“
5تَب یَاہوِہ کی رُوح مُجھ پر نازل ہُوئی اَور اُس نے مُجھے یہ کہنے کا حُکم دیا: ”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: اِسرائیل میں آپ رہنما، تُم یہ کہہ رہے ہو لیکن مَیں جانتا ہُوں کہ تمہارے دِل میں کیا ہے؟
6تُم نے اِس شہر میں بہُتوں کو قتل کیا اَور اُس کی سڑکوں کو لاشوں سے بھر دیا۔
7”چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: جو لاشیں تُم نے وہاں پھینکی ہیں وہ گوشت ہیں اَور یہ شہر دیگ ہے۔ لیکن مَیں تُم کو وہاں سے باہر نکال دُوں گا۔
8تُم تلوار سے ڈرتے ہو لیکن مَیں تمہارے خِلاف تلوار ہی لاؤں گا۔ یہ یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں۔
9میں تُمہیں شہر سے باہر نکال دُوں گا اَور پردیسیوں کے حوالہ کر دُوں گا اَور تُمہیں سزا دُوں گا۔
10میں تُمہیں اِسرائیل کی سرحدوں پر سزا کا حُکم سُناؤں گا اَور تُم تلوار سے مارے جاؤگے۔ تَب تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
11یہ شہر تمہارے لیٔے دیگ نہ ہوگا، نہ تُم اُس کے اَندر کا گوشت ہوگے۔ میں تُمہیں اِسرائیل کی سرحدوں پر سزا کا حُکم سُناؤں گا۔
12اَور تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں کیونکہ تُم نے میرے آئین کی پیروی نہ کی، نہ میری شَریعت پر عَمل کیا بَلکہ تُم اُن قوموں کے اَحکام پر چلے جو تمہارے اِردگرد ہیں۔“
13اَب جَب کہ میں نبُوّت کر رہاتھا تو بِنایاہؔ کا بیٹا پیلاطیاہؔ مَر گیا۔ تَب میں مُنہ کے بَل گرا اَور بُلند آواز سے چِلّایا، ”اَے یَاہوِہ قادر! کیا آپ اِسرائیل کے باقی بچے لوگوں کو بالکُل مٹا دیں گے؟“
14یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا:
15”اَے آدمؔ زاد، اہلِ یروشلیمؔ نے تیرے بھائیوں یعنی تیرے قریبی رشتہ داروں اَور تمام بنی اِسرائیل کے متعلّق کہا ہے، ’وہ یَاہوِہ سے کافی دُور ہیں اَور یہ مُلک ہمیں مِیراث میں دے دیا گیا ہے۔‘
16”اِس لیٔے تُو کہہ: ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: حالانکہ مَیں نے اُنہیں بہت دُور مُختلف قوموں کے درمیان بھیجا اَور الگ الگ مُلکوں میں بِکھیر دیا، پھر بھی کچھ عرصہ کے لیٔے مَیں اُن مُلکوں میں جہاں وہ گیٔے اُن کا پاک مُقدّس بنا رہا ہُوں۔‘
17”اِس لیٔے تُو کہہ: ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: میں تُمہیں مُختلف قوموں میں سے جمع کروں گا اَور اُن مُلکوں میں سے واپس لاؤں گا جہاں تُم پراگندہ کئے گیٔے ہو۔ اَور مَیں تُمہیں اِسرائیل کا مُلک واپس دُوں گا۔‘
18”وہ وہاں واپس لَوٹ کر اُس میں کی بے جان شَبیہوں اَور مکرُوہ بُتوں کو دُور کر دیں گے۔
19میں اُنہیں ایک غَیر منقسم دِل دُوں گا اَور اُن میں نئی رُوح ڈالوں گا۔ مَیں اُن میں سے اُن کا پتّھر کا سا سخت دِل نکال دُوں گا اَور اُنہیں گوشت کا سا نرم دِل دُوں گا۔
20تَب وہ میرے آئین کی پیروی کریں گے اَور میری شَریعت پر عَمل پیرا ہوں گے۔ وہ میرے لوگ ہوں گے اَور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔
21لیکن جِن کے دِل اَپنی بے جان شَبیہوں اَور مکرُوہ بُتوں کے پرستار ہیں، اُن کی روِش مَیں اُن ہی کے سَر پر لے آؤں گا۔ یہ یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں۔“
22تَب کروبیوں نے جِن کے پاس پہیّے تھے اَپنے پر پھیلائے اَور اِسرائیل کے خُدا کا جلال اُن کے اُوپر تھا۔
23یَاہوِہ کا جلال شہر کے اَندر سے اُوپر اُٹھا اَور اُس پہاڑ پر جا ٹھہرا جو شہر کے مشرق میں ہے۔
24تَب رُوح نے مُجھے اُٹھالیا اَور خُدا کی رُوح کی قُدرت سے مَیں نے رُویا میں دیکھا کہ میں کَسدیوں کے مُلک میں جَلاوطنوں کے پاس پہُنچ گیا ہُوں۔ تَب وہ رُویا جو مَیں نے دیکھی تھی میرے پاس سے غائب ہو گئی
25اَور مَیں نے جَلاوطنوں کو وہ سَب باتیں بتا دیں جو یَاہوِہ نے مُجھ پر ظاہر کی تھیں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.