Two reconciled believers with a mediator beside people washing and receiving clean garments

1 کُرِنتھِیوں 6

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
باب کا خلاصہ
پولس ایمان داروں کو ایک دوسرے کو دنیاوی عدالتوں کے سامنے لے جانے پر ملامت کرتا اور دانشمند اجتماعی صلح کی تاکید کرتا ہے۔ اگرچہ معاف اور دھوئے گئے، انہیں خواہش کا غلام نہیں بننا چاہیے، کیونکہ ان کے جسم مسیح کے ہیں اور خدا کی عزت افزائی کرتے ہیں۔
صلحآزادیتقدیسجسم
1اگر تُم میں ایک کا دُوسرے کے ساتھ جھگڑا چل رہا ہو تو کیا وہ اَپنے فیصلہ کے لیٔے مسیحی مُقدّسین کی بجائے بےدینوں کی عدالت میں جانے کی جُرأت کرےگا؟
2کیا تُم نہیں جانتے کہ مُقدّس لوگ دُنیا کا اِنصاف کریں گے؟ اَور جَب تُمہیں دُنیا کا اِنصاف کرناہے تو کیا تُم اِس قابل بھی نہیں کہ چُھوٹی چُھوٹی باتوں کا فیصلہ کر سکو؟
3کیا تُم نہیں جانتے کہ ہم فرشتوں کا اِنصاف کریں گے؟ اِس دُنیا کے مُعاملات کا تو ذِکر ہی کیا؟
4اگر تُم میں اَیسے دُنیوی مُقدّمے ہوں تو کیا تُم اُن کا فیصلہ اَیسے لوگوں سے کراؤگے جِن کی جماعت میں کویٔی حیثیت نہیں؟
5میں تُمہیں شرمندہ کرنے کے لیٔے یہ کہتا ہُوں۔ کیا سچ مُچ تُم میں ایک بھی عقلمند نہیں جو مسیحی بھائیو کے مُعاملات کا بِلاجِھجک فیصلہ کر سکے؟
6بَلکہ ایک مسیحی بھایٔی دُوسرے مسیحی بھایٔی پر مُقدّمہ دائر کرتا ہے اَور وہ بھی بےاِعتقادوں کی عدالت میں۔
7دراصل تُم میں بڑا نُقص یہ ہے کہ تُم آپَس کی مُقدّمہ بازی میں مشغُول ہو۔ تُم ظُلم اُٹھانا کیوں نہیں بہتر جانتے؟ اَپنا نُقصان کیوں نہیں قبُول کرتے؟
8اِس کے برعکس تُم ظُلم کرتے ہو، نُقصان پہُنچاتے ہو اَور وہ بھی اَپنے ہی مسیحی بھائیوں اَور بہنوں کو۔
9کیا تُم نہیں جانتے کہ بدکار خُدا کی بادشاہی کے وارِث نہ ہوں گے؟ دھوکے میں نہ رہو! نہ حرام کار نہ بُت پرست، نہ زناکار، نہ لَونڈے باز
10نہ چور، نہ لالچی، نہ شرابی، نہ گالی بکنے والے، نہ ظالِم خُدا کی بادشاہی کے وارِث ہوں گے۔
11تُم میں بعض اَیسے ہی تھے مگر تُم خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے نام اَور ہمارے خُدا کے پاک رُوح سے دھل گیٔے، پاک ہو گئے اَور راستباز ٹھہرائے گیٔے۔
12ساری چیزیں میرے لیٔے جائز ہیں مگر ساری چیزیں مفید نہیں۔ ساری چیزیں میرے لیٔے روا ہیں لیکن مَیں کسی چیز کا غُلام نہ بنُوں گا۔
13کھانا پیٹ کے لیٔے، ”اَور پیٹ کھانے کے لیٔے لیکن خُدا اِن دونوں کو نِیست و نابُود کر دے گا۔ مگر بَدن بدفعلی کے لیٔے نہیں بَلکہ خُداوؔند کے لیٔے ہے اَور وُہی اُس کا مالک ہے۔“
14خُدا نے اَپنی قُدرت سے خُداوؔند یِسوعؔ کو زندہ کیا اَور وہ ہمیں بھی اَپنی قُدرت سے زندہ کرےگا۔
15کیا تُم نہیں جانتے کہ تمہارے بَدن المسیح کے اَعضا ہیں؟ کیا میں المسیح کے اَعضا لے کر اُنہیں کسی فاحِشہ کے ساتھ جوڑ دُوں؟ ہرگز نہیں!
16کیا تُم نہیں جانتے کہ جو کسی فاحِشہ سے صُحبت کرتا ہے، اُس کے ساتھ ایک جِسم ہو جاتا ہے؟ کیونکہ صحیفہ میں لِکھّا ہے، ”وہ دونوں مِل کر ایک جِسم ہوں گے۔“
17مگر جو خُود کو خُداوؔند سے جوڑ دیتاہے وہ رُوحانی طور پر اُس کے ساتھ ایک ہو جاتا ہے۔
18جنسی بدفعلی سے دُور رہو۔ اِنسان کے دُوسرے سارے گُناہ بَدن سے تعلّق نہیں رکھتے لیکن حرام کار اَپنے بَدن کا بھی گُنہگار ہے۔
19کیا تُم نہیں جانتے کہ تمہارا بَدن اُس پاک رُوح کا مَقدِس ہے جو تُم میں بسا ہُواہے اَور جسے تُم نے خُدا کی طرف سے پایا ہے؟ تُم اَپنے نہیں ہو۔
20کیونکہ تُم قیمت سے خریدے گیٔے ہو۔ پس اَپنے بَدن سے خُدا کا جلال ظاہر کرو۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ — CC BY-SA 4.0. Where these translations come from.

Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Available free at biblica.com and open.bible. Text unchanged, used under CC BY-SA 4.0.